پاکستان بمقابلہ انگلینڈ شان مسعود کی انگلینڈ میں پہلی سنچری، پاکستان کے پانچ کھلاڑی آؤٹ

0

مانچسٹر میں پاکستان اور انگلینڈ:کے مابین پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل جاری ہے۔


اب سے کچھ دیر قبل تک پاکستانی اننگز کے 244 رنز مکمل ہو گئے ہیں اور اسے کل پانچ وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ شان مسعود نے انگلینڈ میں انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلی سنچری مکمل کر لی ہے۔ انھوں نے اپنی اننگز میں 250 سے زیادہ گیندیں کھیلیں اور 13 چوکے لگائے۔


اس وقت کریز پر شان مسعود اور شاداب خان موجود ہیں اور ان کے درمیان 50 رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہے۔ شاداب نے تین چوکوں کے ساتھ 34رنز بنائے ہیں۔

پاکستان نے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز دو وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز سے دوبارہ شروع کی تو بابر اعظم، پھر اسد شفیق اور اس کے بعد وکٹ کیپر محمد رضوان بھی اپنی اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔


کریس ووکس نے دو وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ جیمز اینڈرسن، سٹیورٹ براڈ اور جوفرا آرچر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

جمعرات کو بابر اعظم اور شان مسعود نے پاکستان کی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو جیمز اینڈرسن کے پہلے ہی اوور میں بابر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ ان کا کیچ سلپ میں انگلش کپتان جو روٹ نے پکڑا اور وہ اپنے پہلے دن کے سکور 69 رنز میں کوئی اضافہ نہ کر سکے۔


شان مسعود اور بابر اعظم کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 96 رنز کی شراکت ہوئی تھی۔


اس کے بعد اسد شفیق صرف سات رنز بنا کر سٹیورٹ براڈ کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

محمد رضوان کریز پر کچھ زیادہ پُراعتماد دکھائی نہ دیے اور نو رنز بنا کر کریس ووکس کی گیند پر وکٹ کیپر جوس بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔


دوسری جانب شان مسعود جن کے لیے 2016 کا دورۂ انگلینڈ ایک ڈراؤنا خواب تھا، اس بار ابتدا میں مشکلات کے باوجود صبر کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔ اس اننگز میں قسمت بھی ان پر مہربان رہی ہے اور سپنر ڈوم بیس نے اگرچہ دو مرتبہ انھیں چکمہ دیا لیکن دونوں مرتبہ کیپر جوس بٹلر کی غلطی کے باعث وہ بچ گئے۔


اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ 2016 کے بعد سے شان مسعود پہلے غیرملکی اوپنر ہیں جنھوں نے انگلینڈ میں کسی ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں 100 سے زیادہ گیندیں کھیلی ہیں۔

اس میچ کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی بار ایسا میچ کھیلا جا رہا ہے جس میں ٹی وی امپائر فرنٹ فٹ نو بال کا فیصلہ دے رہا ہے جس کا مطلب ہےکہ آن فیلڈ امپائر کو بولر کی نو بال نہیں دیکھنی پڑ رہی۔


یہ فیصلہ تجرباتی بنیاد پر کیا گیا ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس میچ کے نتائج کے بعد فیصلہ کرے گی کہ آیا مستقبل میں اسے استعمال کیا جائے یا نہیں۔


اس میچ میں پاکستان کی ٹیم میں دو لیگ سپنرز شاداب خان اور یاسر شاہ کو شامل کیا گیا ہے جبکہ بلے بازی کی ذمہ داری شان مسعود، عابد علی، اظہر علی، بابر اعظم، اسد شفیق اور رضوان احمد کے کاندھوں پر ہے جبکہ فاسٹ بولنگ سکواڈ شاہین آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے۔


ادھر جو روٹ کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم میں ڈوم سبلی، روری برنز، بین سٹوکس، اولی پوپ، جوس بٹلر، کرس ووکس، ڈوم بیس، سٹیورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن پر مشتمل ہے۔

Pakistan England cricket

Post a Comment

0Comments
Post a Comment (0)

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !